Tuesday, November 18, 2008

BBCUrdu.com | پاکستان | پختون پختون کو مار رہا ہے: حاجی عدیل

عوامی نیشنل پارٹی باچا خان کے عدم تشدد کے فلسفے میں یقین رکھتی ہے
پاکستان میں حکومتی اتحاد میں شامل عوامی نیشل پارٹی کے مرکزی رہنما اور منتخب سینیٹر حاجی عدیل نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پختونوں کا ساتھ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پختون اس جنگ میں ہار گئے تو دنیا کی کوئي بھی طاقت دہشتگردی کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اکیس سال کی جنگ کے
بعد برطانیہ آئرش ریپلیکن پارٹی سے بات چیت کرکے صلح کرسکتا ہے تو طالبان کے ساتھ بات چیت کیوں نہیں ہو سکتی۔
آجکل امریکہ کا سرکاری دورہ کرنے والے عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر گزشتہ رات نیویارک میں ’لٹل پاکستان‘ کہلانے والے بروکلین میں ایک مقامی ریستوان میں پر ہجوم پریس کانفرنس اور استقبالیے سے خطاب کرر ہے تھے جس کا اہتمام عوامی نیشنل پارٹی یو ایس اے نے کیا تھا۔
انہوں نےکہا کہ صوبہ سرحد میں رہنے والے پختون سخت عذاب کی زندگی گزار رہے ہیں کہ ان پر جنگ اور دہشت گردی مسلط کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا قتل ہونے والا بھی پختون ہے جو قتل کرتا ہے وہ بھی پختون ہے، جس کا گھر جلایا جا رہا ہے وہ بھی پختون ہے جو گھر جلا رہا ہے وہ بھی پختون ہے، خودکش بمبار بھی پختون ہے اور اس کے ہاتھوں مرنے والے بھی پختون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آجکل جو صوبہ سرحد میں ہورہا ہے وہ افغانستان میں روسی مداخلت کے وقت بقول سینیٹر حاجی عدیل، اس جہاد یا فساد کی بدولت ہے جس سے امریکہ اور مغربی دنیا سے بے شمار اسلحہ آیا اور جنگ ختم ہونے پر افغانستان کو اس کے حال پر چھوڑ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان اور پختونوں کو تنہا چھوڑ دیا گیا تو اس سے نہ صرف پاکستان اور افغانستان بلکہ تمام دنیا میں تباہی پھیلے گی۔
انہوں نے کہا کہ نام نہاد افغان جہاد کے دوران امریکہ سمیت مغربی ممالک نے پختونوں کے خطے میں بائیس ارب ڈالر کا اسلحہ پہنچایا اور وہ اتنے وسیع طور پھیلا کہ پختون جو پانچ کروڑ کی آبادی ہے۔ ’اگر تخمینہ لگایا جائے تو فی کس پختون تیس ہزار ڈالر کا اسلحہ موجود ہے۔ انسان ختم ہورہے ہیں اسلحہ ختم نہیں ہو رہا۔ طالبان مارے جاتے ہیں لیکن ان کا اسلحہ ختم نہیں ہورہا۔‘
انہوں نے کہا کہ ایک عام پختون کو اپنے قبائلی علاقے میں جانے کےلیے محکمہء داخلہ سے اجازت لینی پڑتی ہے لیکن وہاں عرب، چیچن، ازبک اور دوسرے غیر ملکی کیسے موجود ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ایجنسیوں کی مرضی کے بغیر وہ لوگ وہاں نہیں پہنچ سکتےتھے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ سابق فوجی حکمران جنرل پرویز مشرف کے سبکدوش ہونے کے بعد آئی ایس آئی سمیت خفیہ ایجینسیوں کا کردار نظر نہیں آتا اور اب پاکستان میں جہموری حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کی تمام قیادت اور سرگرم لیڈر کو تحریک طالبان پاکستان اور دیگر شدت پسند گروپوں سے قتل و غارت کی دھمکیاں ہیں اور ان کے پارٹی رہنما اسفندیار ولی پر خود کش بم حملے اور اس سے قبل سوات میں ایک اور رہنما خان افضل خان اور ان کے عزيزوں کی زندگیوں اور املاک پر حملوں سمیت انتہا پسندوں کی طرف سے حملے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی باچا خان کے عدم تشدد کے فلسفے میں یقین رکھتی ہے جنہوں نے تمام جنگ آزادی بغیر کسی کا خون بہاۓ یا اسلحے کے جیتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت بین الاقوامی برادری دہشتگردی کی جنگ لڑنے والے پاکستان اور پختون علاقوں میں اسطرح کا پلان وضع کرے جسے دوسری جنگ عظیم کے بعد جرمنی اور جاپان کی از سر نو تعمیر میں مارشل پلان تیار کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں ان کی حکومت کی طرف سے مالا کنڈ میں صوفی محمد سے کیے جانیوالے سمجھوتے کی خلاف ورزی عسکریت پسندوں کی ہی طرف سے ہوئی ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ شدت پسند علاقوں میں لڑکیوں کے سکول زیادہ سے زیادہ جلا رہے ہیں اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں کو گھروں سے نکال کر ان کے بیٹوں بھائیوں کےساتھ کھڑا کرکے پوچھتے ہیں کہ ان کو کونسا بیٹا زیادہ عزيز ہے اور پھر پہلے اسے الگ کر کے قتل کردیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پختون خطے میں جنگ بنیاد پرستی اور لبرل ازم انتہا پسند قوتوں اور جمہوریت پسند قوتوں کے درمیان ہے اور عالمی برادری کو خطے میں جمہوریت پسند اور لبرل قوتوں کا ساتھ دینا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نہ وہ چھوٹے پختونستان کے حق میں ہیں نہ بڑے پختونستان کے حق میں وہ پختونخواہ کے حق میں ہیں۔
BBCUrdu.com پاکستان پختون پختون کو مار رہا ہے: حاجی عدیل

No comments:

ضلع مہند میں ایف سی اہلکار جمیل حسین طوری کی شہادت۔

ضلع مہند میں ایف سی اہلکار جمیل حسین طوری کی شہادت جمیل حسین کی لاش تو آبائی گاؤں گوساڑ کے قبرستان میں پاکستان کے جھنڈے میں لپیٹ کر سرکار...