Tuesday, May 13, 2008

ماں کا دن! ‏ Mother day

وسعت اللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
ماں! تو اب بچے جننا بند کردے۔تو نے جو چھ ارب بچے جن لیے انہوں نے تجھ سے کیا کیا نہیں لیا۔
تیرے پیٹ کے قلعے میں نو ماہ کا تحفظ۔ پیدائش کے بعد تیرے ہاتھوں کے لمس کی گرمی۔ تیرے رت جگوں کی قیمت پر میٹھی نیند۔ بن مانگے چھاتی کا دودھ۔گرم و سرد موسموں اور منڈلاتے گدھوں سے بچنے کے لئے تیری گود کی چھتری۔ انگلی پکڑ پکڑ کر چلنے کی راحت۔ تیری بھوک کی قیمت پر بھر پیٹ کھانا۔ تیری بوسیدہ چنری کے عوض صاف کپڑے۔ تو نے اپنے خواب فروخت کرکے کتاب اور قلم تھمایا۔ تجھ سے جوتوں کے تسمے بندھوائے۔ تو نے الف ب ت کی مشق کروائی۔ اپنے جائے کی نادانی اپنے سر لے کر باپ کی ڈانٹ کا رخ اپنی طرف موڑ لیا۔
مگر تو نے جو چھ ارب بچے جن ڈالے انہوں نے تجھے کیا دیا ! صرف ناسمجھی کے دور کی کلکاریاں، مسکراہٹ اور معصوم شرارتوں کی مسرت۔ بس!
جسے جنتے ہوئے تو نے اپنا جسم، جان اور روح داؤ پر لگادی کیا اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے بعد اس نے تجھے اس قابل بھی سمجھا کہ جیب کترا، نوسر باز، چور یا ڈاکو بننے سے پہلے تجھ سے صرف ایک بار ہی پوچھ لیتا۔ یا کسی اور کے بچے کو قتل کرنے سے پہلے تجھے اعتماد میں لے لیتا۔ بارودی جیکٹ پہننے کے بعد تجھ سے مل کر رخصت ہوتا۔ جنگ کا طبل بجانے یا گولہ پھینکنے سے پہلے تجھے فون کرلیتا۔ کسی کا گھر برباد کرنے سے پہلے تیرے پلو کی چادر میں سوتے سمے کو بلا لیتا۔ کسی کا گیت برباد کرنے سے پہلے تیری پہلی لوری کو یاد کرلیتا۔
کسی کا کھیت نذرِ آتش کرتے وقت تیری گود کی گرمی کا تصور کرلیتا۔ کسی کا روزگار چھیننے سے پہلے تیرے ہاتھوں سے کھایا پہلا نوالہ ہی تصور میں لے آتا۔ دوسروں کی بھوک کے عوض تجوریاں بھرتے وقت تیری دودھ سے بھری چھاتی کا خیال کرلیتا۔ کسی کو دھوکا دینے سے پہلے تجھ سے ملنے والے ہمیشہ سچ بولو کے سبق کو ہی ذہن میں لے آتا۔ ریل کی پٹڑی پر سر رکھنے سے پہلے تیری آنکھوں سے اپنے گالوں پر ٹپکنے والے پہلے خواب کو ہی یاد کر لیتا۔
دیکھ لے ماں! تو نے کیا کیا اور تیرے بچوں نے کیا کیا۔
وہ زمانے اور تھے جب تیری کوکھ سے اشرف الانسان جنتے تھے۔
مگر مجھے معلوم ہے کہ یہ سب کچھ جانتے ہوئے بھی تو بچے جننا بند نہیں کرے گی۔ تیری آس کبھی نہ ٹوٹے گی۔
بس یہی ایک خرابی ہے تجھ میں۔

No comments:

ڈان اخبار اداریہ: ’کرم کے حالات پر قابو نہ پایا گیا تو فرقہ وارانہ تنازعات ملحقہ اضلاع میں پھیل سکتے ہیں‘

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں گزشتہ چند ماہ سے صورت حال عدم استحکام کا شکار ہے، ایسے میں جمعرات کو پیش آنے والا ہولناک واقعہ حیران کُن...